سہ ملکی سیریز کے فائنل میں بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی: مائیک ہیسن

لاہور: (دنیا نیوز) تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے فائنل سے قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی، امید ہے فائنل میں ٹیم اپنی بہترین کارکردگی دکھائے گی۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل تین کامیابیوں کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ اہم کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی کے بغیر مسلسل تین میچز جیتنا حوصلہ افزا ہے، جبکہ گزشتہ دو ہفتوں میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی بھی اطمینان بخش رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹاپ تھری میں ملکی تاریخ کے دو عظیم بیٹرز موجود ہیں۔ بڑے کھلاڑیوں سے بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی توقع کی جاتی ہے۔ ٹاپ آرڈر کی بڑی اننگز کے بغیر میچز جیتنا خوش آئند ہے، تاہم اہم بیٹرز کے پاس فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیلنے کا بہترین موقع ہوگا۔

مائیک ہیسن نے مڈل آرڈر میں سلمان علی آغا کی کارکردگی کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسن نواز کی بیٹنگ میں بھی مسلسل بہتری آرہی ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ابتدائی وکٹیں ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہیں، جبکہ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی ہے۔ نوجوان کرکٹر عرفات منہاس کی کارکردگی میں بھی بہتری آرہی ہے۔

سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں بیٹنگ کے حوالے سے مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، تاہم امید ہے کہ کھلاڑی فائنل میں بھرپور واپسی کریں گے۔

شائقین کرکٹ کی حمایت کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری سیریز کے دوران شائقین نے شاندار انداز میں ٹیم کا ساتھ دیا۔ لاہور اور راولپنڈی کے شائقین کی حمایت ہمیشہ قابلِ تعریف رہی ہے، امید ہے کہ فائنل میں انہیں بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا فائنل ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے مسلسل تین فتوحات کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...