متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان

ابوظہبی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے یکم جنوری 2027 سے نئے ٹریفک قوانین نافذ کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت پیشہ ور ڈرائیورز کے روزانہ ڈرائیونگ اوقات محدود کردیے جائیں گے۔

حکام کے مطابق نئے قوانین کے تحت ٹیکسی، ٹرک، بس اور ڈیلیوری ڈرائیورز 24 گھنٹوں کے دوران 9 گھنٹے سے زیادہ گاڑی نہیں چلاسکیں گے، جبکہ تھکن یا نیند کی حالت میں ڈرائیونگ کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

وفاقی ٹریفک کونسل کو ڈرائیونگ کے لیے مقررہ 9 گھنٹے کی مدت میں تبدیلی کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے، جس کا اطلاق نجی اور پیشہ ورانہ دونوں طرح کے ڈرائیورز پر ہوگا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے قوانین کا مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اور سڑکوں پر شہریوں کی حفاظت کو بہتر بنانا ہے۔

نئے ضوابط کے تحت 4 سال یا اس سے کم عمر بچوں کے لیے گاڑی میں حفاظتی نشست لازمی قرار دے دی گئی ہے۔ بچوں کی نشست ان کے وزن اور قد کے مطابق گاڑی کی پچھلی سیٹ پر نصب کرنا ہوگی۔

حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک کے شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی مدت 10 سال جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کے لائسنس 5 سال کے لیے جاری کیے جائیں گے۔

مزید برآں ڈرائیورز کی بینائی جانچنے کے لیے نئے معیارات مقرر کیے گئے ہیں۔ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید سے قبل بینائی کا ٹیسٹ لازمی ہوگا جبکہ مختلف اقسام کی گاڑیاں چلانے والوں کے لیے جانچ کے الگ الگ معیار بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...