دورانِ پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ سروسز فراہمی کی راہ ہموار
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں دورانِ پرواز سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ اور ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کی فراہمی کی راہ ہموار ہوگئی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے دورانِ پرواز سیٹلائٹ پر مبنی ٹیلی کمیونیکیشن سروسز کے لیے لائسنسنگ فریم ورک کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے بعد فضائی سفر کے دوران مسافروں کو بہتر اور بلاتعطل انٹرنیٹ سمیت جدید مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
پی ٹی اے کے مطابق لائسنس یافتہ کمپنیاں پی ایس اے آر بی سے رجسٹرڈ سیٹلائٹس استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں رجسٹرڈ طیاروں کو دورانِ پرواز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرسکیں گی۔
دوسری جانب پاکستانی فضائی حدود سے گزرنے والے ٹرانزٹ طیاروں کو ان سہولیات کی فراہمی کے لیے پی ٹی اے سے این او سی حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ اس فریم ورک کے تحت مسافر دورانِ پرواز بلاتعطل انٹرنیٹ استعمال کرسکیں گے اور ڈیجیٹل خدمات، تفریحی مواد، ذاتی رابطوں اور پیشہ ورانہ امور سے متعلق آن لائن سہولیات سے بھی مستفید ہوسکیں گے۔
اتھارٹی کے حکام نے مزید کہا کہ اس اقدام سے فضائی سفر کے دوران جدید مواصلاتی سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی، جبکہ یہ فریم ورک پاکستان میں ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے پی ٹی اے کی جاری کوششوں کا تسلسل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments