روس، چین اور امریکا کے صدور کی ملاقات پوری دنیا کیلئے انتہائی اہم ہے، چینی کمیونسٹ پارٹی

ماسکو: (شاہد گھمن) چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے روس، چین اور امریکہ کے صدور کی آئندہ سہ فریقی سربراہی ملاقات کو پوری دنیا کیلئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تینوں ممالک عالمی معاملات میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور بڑی طاقتوں کے درمیان اسٹریٹجک استحکام عالمی امن اور ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔

چینی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے نائب وزیر ما ہوئی نے کہا کہ روس، چین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی سربراہی اجلاس کا انعقاد بذات خود ایک اہم عالمی واقعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی طاقتوں اور اہم ممالک پر عالمی امن برقرار رکھنے کی خصوصی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور انہیں بین الاقوامی معاملات میں کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔

ما ہوئی کے مطابق اگر بڑی عالمی طاقتیں اسٹریٹجک استحکام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں تو یہ پوری دنیا میں امن اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ہوگا۔

چینی عہدیدار نے کہا کہ روس، چین اور امریکہ کے عالمی سطح پر اہم کردار کے پیش نظر تینوں ممالک کے سربراہان کی ملاقات پوری دنیا کے لیے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سہ فریقی ملاقات 19 نومبر کو چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم (APEC) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر طے ہے۔

کریملن کے معاون یوری اوشاکوف کے مطابق روس، چین اور امریکہ کے تینوں صدور کی اس نوعیت کی سہ فریقی ملاقات پہلی مرتبہ ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...