سرجری کے بعد نوجوان کو انسانوں کے چہروں میں بلی جیسی آنکھیں دکھائی دینے لگیں
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا کے شمال مشرقی علاقے سے تعلق رکھنے والا 28 سالہ نوجوان دماغ کی سرجری کے بعد ایک نایاب بصری بیماری میں مبتلا ہو گیا، جس کے باعث اسے انسانوں کے چہروں میں بلی جیسی آنکھیں، بڑی پتلیاں اور جلد پر بلی کے بالوں جیسے نشانات دکھائی دینے لگے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان کارل کی اس غیر معمولی طبی کیفیت کی تفصیلات طبی جریدے کورٹیکس میں شائع ہوئی ہیں، طبی ماہرین نے اس بیماری کو پروسوپو میٹامورفوپسیا قرار دیا ہے، جس میں متاثرہ شخص کو دوسرے انسانوں کے چہرے بگڑے ہوئے یا غیر معمولی خدوخال کے ساتھ دکھائی دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کارل میں اس بیماری کی علامات دماغ کے دائیں حصے میں موجود شریانوں اور رگوں کی غیر معمولی ساخت دور کرنے کے لیے کی جانے والی سرجری کے بعد ظاہر ہوئیں، دماغ کا یہ حصہ چہروں کو پہچاننے اور ان کی شناخت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس طبی معاملے کی ایک حیران کن بات یہ بھی ہے کہ کارل کو بعض اوقات اپنی پالتو بلی کے چہرے پر بھی اپنے جاننے والوں کی آنکھیں اور دیگر خدوخال دکھائی دینے لگتے ہیں، جبکہ بعض اوقات ایک شخص کے چہرے کی خصوصیات دوسرے شخص کے چہرے میں منتقل ہوتی محسوس ہوتی ہیں۔
کارل میں یہ تبدیلیاں تقریباً دو سال قبل سرجری کے بعد شروع ہوئیں اور بعض اوقات یہ کیفیت کئی گھنٹوں سے لے کر پورے دن تک برقرار رہتی ہے۔
ڈارٹ ماؤتھ کالج کے پروفیسر بریڈ ڈوچین کے مطابق انسانی دماغ مانوس چہروں کی تفصیلات محفوظ رکھتا ہے، کارل کے معاملے میں یہ محفوظ شدہ خدوخال دوبارہ متحرک ہو کر سامنے موجود چہرے کے ساتھ مل جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں اسے چہرے غیر معمولی انداز میں دکھائی دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پروسوپو میٹامورفوپسیا میں چہرے کے خدوخال پھیلے ہوئے، اپنی جگہ سے ہٹے ہوئے یا سائز میں تبدیل دکھائی دے سکتے ہیں، جبکہ جلد کا رنگ اور ساخت بھی غیر معمولی محسوس ہو سکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کارل ان تبدیلیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہتا ہے، تاہم اس نے اس کیفیت کے ساتھ زندگی گزارنا سیکھ لیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments