بھارت سے میچ کا بائیکاٹ، آئی سی سی وفد پاکستان کو منانے کیلئے کچھ دیر میں لاہور پہنچے گا
لاہور: (دنیا نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر آئی سی سی کا وفد پاکستان کو منانے چند گھنٹوں میں لاہور پہنچ رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفد ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی کی سربراہی میں لاہور پہنچ رہا ہے، آئی سی سی وفد اور بی سی بی وفد کے پہنچنے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا اہم اجلاس ہو گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پاکستان کے بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت ہو گی، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی لاہور پہنچ چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی وفد اور بی سی بی صدر اجلاس کے بعد آج ہی واپس چلے جائیں گے، آئی سی سی وفد ساڑھے4 بجے کولمبو سے لاہور پہنچے گا۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین الاسلام پاکستان پہنچ گئے
خیال رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں تاہم بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔
قبل ازیں سری لنکا نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا اور اپیل کی تھی کہ پاکستان بھارت کے ساتھ میچ کا بائیکاٹ نہ کرے۔