پاکستان کی فتح فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کے نام منسوب
لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی فتح کو فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کے نام منسوب کر دیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیدرلینڈز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دی۔
میچ میں نیدرلینڈز کی ٹیم نے پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز بہتر رہا، تاہم مڈل آرڈر ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا جس کے باعث مقابلہ آخری اوورز تک جا پہنچا۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) February 7, 2026
پاکستان کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 29 رنز درکار تھے، ایسے نازک موقع پر فہیم اشرف نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 19ویں اوور میں تین چھکوں کی مدد سے 24 رنز حاصل کیے۔
فہیم اشرف نے آخری اوور میں بھی ایک چوکا لگا کر پاکستان کو شکست سے بچایا اور 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز بنا کر گرین شرٹس کو 3 وکٹوں سے فتح دلائی، جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی دیا گیا۔
اس شاندار کامیابی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی جیت کو آل راؤنڈر فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کے نام کر دیا۔
محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فہیم اشرف کے جڑواں بچوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نیدرلینڈز کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کیا، اور وہ آج کا میچ ان خوبصورت جڑواں بچوں کے نام کرتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ وہ ان بچوں کے لیے صحت مند اور خوشیوں سے بھرپور زندگی کی دعا کرتے ہیں۔