فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا
زیورخ: (ویب ڈیسک) فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کی ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان کر دیا جس میں عالمی فٹبال کے نمایاں ستاروں کو شاندار کارکردگی کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ٹیم آف دی ٹورنامنٹ میں ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی، فرانس کے کپتان کیلیان امباپے اور ناروے کے سٹار سٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق مڈفیلڈ میں سپین کے کپتان اور گولڈن بال کے فاتح روڈری، انگلینڈ کے جوڈ بیلنگھم اور فرانس کے مائیکل اولیسے شامل ہیں۔
دفاعی لائن میں کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا کے ساتھ سپین کے عالمی چیمپئن مارک کوکوریلا اور پیڈرو پورو، فرانس کے ڈایو اوپامیکانو جبکہ ارجنٹائن کے لیساندرو مارٹینیز کو منتخب کیا گیا ہے۔

فیفا کی جانب سے جاری کردہ یہ ٹیم ورلڈ کپ 2026 میں کھلاڑیوں کی مجموعی کارکردگی، اثر انگیزی اور پورے ٹورنامنٹ میں مستقل بہترین کھیل کی بنیاد پر منتخب کی گئی ہے۔
اس سے قبل فیفا نے ورلڈکپ کے اختتام پر نئی رینکنگ جاری کی، نئی عالمی چیمپیئن سپین ایک درجہ ترقی کے بعد پہلی پوزیشن پر آگئی جبکہ رنر اپ میسی کی ارجنٹائن ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلی گئی، فرانس تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہے، برازیل اور مراکش کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ ترقی پا کر پانچویں اور چھٹے نمبر پر آگئیں۔
کرسٹیانو رونالڈو کی پرتگال 2 درجہ تنزلی کے بعد 7 ویں نمبر پر چلی گئی، میکسیکو ورلڈکپ میں شاندار پرفارمنس کے بعد 4 درجے ترقی پا کر ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئی، فیفا ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ناروے کی ٹیم نے لمبی چھلانگ لگائی، 12 درجے ترقی پا کر 19 ویں نمبر پر آگئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments