دنیا کے معروف یوٹیوبر مسٹر بیسٹ نے دیرینہ دوست تھیا بوئسن سے شادی کر لی

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کے معروف یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن (مسٹر بیسٹ) نے اپنی دیرینہ دوست، گیمنگ اسٹریمر اور ڈیجیٹل کنٹینٹ کریئیٹر تھیا بوئسن کے ساتھ شادی کر لی ہے۔

مسٹر بیسٹ نے انسٹاگرام پر شادی کی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "مجھے میری مسز بیسٹ مل گئی، اور یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا۔" تصاویر میں نوبیاہتا جوڑا خوشگوار اور رومانوی انداز میں نظر آیا، جبکہ مداحوں نے کمنٹ سیکشن میں نیک خواہشات اور محبت بھرے پیغامات کی بھرمار کر دی۔

ایک مداح نے لکھا، "جمی، تم ہر خوشی کے حقدار ہو،" جبکہ ایک اور صارف نے دونوں کو ایک دوسرے کے لیے بہترین جوڑی قرار دیا۔

شادی کی تقریب میں 28 سالہ مسٹر بیسٹ نے کریم رنگ کا ٹکسیڈو اور سیاہ بو ٹائی پہن رکھی تھی، جبکہ 26 سالہ تھیا بوئسن سفید رنگ کے نفیس لیس سے مزین عروسی لباس میں جلوہ گر ہوئیں۔ دونوں کی تصاویر خوشی، محبت اور جشن کے یادگار لمحات کی عکاسی کرتی دکھائی دیں۔

رپورٹس کے مطابق مسٹر بیسٹ اور تھیا بوئسن کی پہلی ملاقات 2022 میں جنوبی افریقا میں ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہوئی تھی۔ یوٹیوب، سائنس اور نئی چیزیں سیکھنے کے مشترکہ شوق نے دونوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بعد ازاں جنوری 2025 میں مسٹر بیسٹ نے منفرد انداز میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا، جس نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی تھی۔

تھیا بوئسن جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والی معروف گیمنگ اسٹریمر، مصنفہ اور ڈیجیٹل کنٹینٹ کریئیٹر ہیں۔ انہوں نے اسٹیلن بوش یونیورسٹی سے قانون میں بیچلرز اور نفسیات میں آنرز کی ڈگری حاصل کی، جبکہ بعد ازاں یونیورسٹی آف ایڈنبرا سے ہیومن کاگنیٹو نیورو سائیکالوجی میں ماسٹرز مکمل کیا۔

تھیا بوئسن 2016 سے ٹوئچ اور یوٹیوب پر سرگرم ہیں اور خاص طور پر اسٹریٹجی کارڈ گیمز کی اسٹریمنگ کے باعث آن لائن دنیا میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...