سیف گیمز 2027 کی تاریخیں مقرر، 28 کھیلوں میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑی و آفیشلز شریک ہوں گے

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت سیف گیمز 2027 کی تیاریوں سے متعلق اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں جنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹی کے تعاون سے کھیلوں کی تاریخیں 4 سے 11 اپریل 2027 مقرر کردی گئیں۔

اجلاس میں سیف گیمز کے لیے نیشنل کوآرڈی نیٹر کی تقرری اور اسٹیئرنگ، آرگنائزنگ اور صوبائی کمیٹیوں کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی۔ سیف گیمز میں مجموعی طور پر 28 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے، جن میں 6 ہزار سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز کی شرکت متوقع ہے۔

 

اعلامیے کے مطابق سیف گیمز کے مقابلے اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں منعقد ہوں گے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام اداروں کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے اور کھیلوں کے مقامات کی تیاری مقررہ وقت میں مکمل کی جائے۔

انہوں نے مقابلوں کے کامیاب انعقاد کے لیے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ اسحاق ڈار نے اسٹیئرنگ کمیٹی کو پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی تاکہ تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے۔

اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ طارق باجوہ، سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...