بارشیں، تیز ہوائیں: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برفباری کے دوران پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے ممکنہ جانی و مالی نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لئے پیشگی انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہونے چاہئیں، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں متاثرین کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں ممکنہ طور پر بند ہونے والی سڑکوں کو بروقت کھولنے کے لیے ضروری اقدامات کئے جائیں، اس سلسلے میں مقامی سطح پر چھوٹی بڑی مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا مربوط نظام وضع کیا جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں