وزیر خارجہ سے گیمبیا کے صدر کی ملاقات، اسلاموفوبیا کا مسئلہ اجاگر کرنے کو سراہا

گیمبیا: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی گیمبیا کے صدر سے دو طرفہ ملاقات ہوئی۔

ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ نے صدر بیرو کو او آئی سی سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی، وزیر خارجہ نے حقیقت کو سراہا کہ گیمبیا نے او آئی سی سربراہی اجلاس کے پلیٹ فارم سے اسلاموفوبیا کے نازک مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ صدر بیرو نے 15 ویں او آئی سی سربراہی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح کی شرکت پر گہری تعریف کی، صدر بیرو نے کہا کہ سربراہی اجلاس کے سربراہ کی حیثیت سے گیمبیا مختلف مسائل پر امت کے ساتھ رابطے کی امید رکھتا ہے۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی بحالی، تجارت، زراعت، تعلیم، سیاحت جیسے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، پاکستان گیمبیا کے سفارت کاروں اور فوجی اہلکاروں کے لئے تربیتی پروگرام بھی پیش کرے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں