پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار سپرد خاک

رحیم یار خان: (دنیا نیوز) پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کو آبائی علاقوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ نے پشاور کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کیا، شہید کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 5 دہشتگرد جہنم واصل، 2 جوان وطن پر قربان

نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کے افسران، سول حکام، عوام اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ کے بعد شہیدوں کے جسد خاکی آبائی علاقوں میں روانہ کیا گیا، میت آبائی علاقے رحیم یار خان پہنچنے پر شہید حسین جہانگیر کی مرکزی عید گاہ میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں اعلیٰ افسران، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نماز جنازہ میں آئے شہریوں نے پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے اور شہید کیپٹن کو خراج تحسین پیش کیا، نماز جنازہ کے بعد شہید حسین جہانگیر کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں