شہباز شریف کو عمران خان کی شکل میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے: بیرسٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شکل میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ ایک بھائی مفاہمت جبکہ دوسرا بھائی 9 مئی کا راگ الاپ رہا ہے، نواز شریف مفاہمت کی بات کر کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، دوسری طرف شہباز شریف اپنے حامی وزراء کے ذریعے 9 مئی پر معافی کے بیانات دلوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو مفاہمت میں جبکہ شہباز شریف کو سیاسی تناؤ میں خیر نظر آ رہی ہے، شہباز شریف کسی صورت نواز شریف کو وزیراعظم نہیں بننے دے رہے، نوازشریف کے سیاسی مفاہمت کے بیانیہ کو شہباز شریف اپنے وزراء کے ذریعے دبا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مذاکرات کی کوشش ہو رہی ہے، نواز اور شہباز کی دوریاں خاصی بڑھ چکی ہیں، کئی ماہ بعد آپس میں ملے، ملاقات میں شہباز شریف کے چہرے پر کوفت کے تاثرات بالکل واضح تھے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ شہباز شریف کو عمران خان کی شکل میں اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے، دونوں بھائی ذاتی اور سیاسی مفاد کی خاطر لڑ رہے ہیں، آصف زرداری بھائیوں کی لڑائی میں ڈگڈگی بجانے والے کا کردار ادا کر رہا ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی بھی ڈیل پر نہیں صرف عوام کیلئے ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، ڈائیلاگ کا راستہ ہر وقت کھلا رہے گا وہ بھی عوام کے سامنے، مینڈیٹ چوروں کے آخری دن قریب آگئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں