پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کیلئے حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے شروع کر دیئے: بیرسٹر سیف
پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کیلئے حکومت نے اوچھے ہتھکنڈے شروع کر دیئے ہیں۔
اپنے بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سارے پنجاب کی پولیس اسلام آباد میں تعینات ہے، پنجاب کو کچے کے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب پولیس کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایات کی ہیں، جلسہ گاہ میں پولیس کی جانب سے تھوڑ پھوڑ اور سامان اٹھانے کی خبریں آرہی ہیں، جلسہ کل ہے اور جعلی حکومت کے اوسان ابھی سے خطا ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 8 ستمبر کا سورج عمران خان کی رہائی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، پورے ملک سے نوجوان اسلام آباد پہنچیں گے، جعلی حکومت کی رکاوٹیں نوجوانوں کے جذبے کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوں گی۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور جلسے میں شرکت کیلئے جانے والے قافلے کی قیادت کریں گے، راستے میں کسی بھی رکاوٹ کو ہٹانے کیلئے پورا انتظام کیا گیا ہے۔