عمران خان کے وکلاء کو اڈیالہ جیل داخلے میں مشکلات ، عدالتی حکم پر عملدرآمد شروع
راولپنڈی: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وکلاء کو اڈیالہ جیل داخلے میں مشکلات کے معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کمیشن قائم کیا، لوکل کمیشن بیرسٹر ذوپاش خان نے آج اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، بیرسٹر ذوپاش نے دوران سماعت اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے بات کی۔
لوکل کمیشن نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران وکلاء سے بھی مشکلات بارے گفتگو کی، بیرسٹر ذوپاش نے دوران سماعت اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت کا بھی جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے لوکل کمیشن کو دورے کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے، بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کی وکلاء کو جیل داخلے میں مشکلات سے متعلق درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا تھا۔