شیخ رشید کا زرداری پر الزام کا کیس، وکلاء کی استدعا پر سماعت ملتوی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کے آصف زرداری پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کرانے کا الزام لگانے پر درج مقدمے میں وکلاء کی استدعا پر سماعت ملتوی کر دی گئی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جج یاسر محمود چودھری نے کیس کی سماعت کی، شیخ رشید احمد اپنے وکلاء سردار مصروف اور آمنہ علی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

سردار مصروف ایڈووکیٹ نے کہا کہ وکلاء نے ہڑتال کی کال دی ہے، سماعت ملتوی کر دیں، وکلاء کی استدعا پر عدالت نے کیس کی سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

یہ پہلا دور ہے میرا کسی سے رابطہ نہیں: شیخ رشید

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ پہلا دور ہے میرا کسی سے رابطہ نہیں، تین دفعہ چلہ کاٹا ہے، کسی اور نے 40 دن کا چلہ کاٹا ہے تو مجھے بتا دیں۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے کوئی گلہ نہیں، کسی کو گالی نہیں دینی چاہیے، اس اسمبلی کی طرف کوئی نہیں دیکھ رہا، جن لوگوں کو صبح ناشتے کے بعد گرفتار کیا گیا وہ صحیح نہیں ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں