عمران خان اور اہلیہ کو اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی جائے:سلمان اکرم راجہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا تقاضا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو اہلخانہ سے ملنے کی اجازت دی جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ہم عدالت سے بھرپور استدعا کریں گے کہ بانی پی ٹی آئی کو بہن اور ڈاکٹر سے ملنے دیا جائے، امید ہے جج صاحب اور وفاقی حکومت بھی انسانیت کی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا یہ اس وقت ضروری ہے کہ ہم بانی پی ٹی آئی سے سیاسی حوالے سے مشاورت کریں، سیاسی عمل کو روکنے کے لئے یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے، پاکستان کی عوام اس بات کی منتظر ہے کہ انسانی حقوق کے مطابق آرڈر ہو، یہ فسطائیت کا دور ہے کسی سے کچھ بھی برآمد ہو سکتا ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ میں روز کئی مقدمات میں پیش ہوتا ہوں، مذاق تو ایک چھوٹا لفظ ہے اس دور کے خلاف ہم سب کو آواز اٹھانی چاہیے، پہلے عام ملاقاتوں پر کوئی پابندی نہیں تھی، توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہفتے میں دو ملاقاتوں کی اجازت تھی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں