جنگ سے ڈرتے نہیں مگر جنگ چاہتے بھی نہیں ہیں : تہران

تہران : (ویب ڈیسک ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ سے خوف زدہ نہیں مگر وہ جنگ چاہتا بھی نہیں ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایک بار پھر باور کرایا ہے کہ ان کا ملک اسرائیل کی جانب سے کسی بھی کارروائی کا زیادہ بھرپور انداز سے جواب دے گا ، ہر عمل کا رد عمل ہوتا ہے ، یہ طبیعیات کا قانون ہے۔

اطالوی چینل کے ساتھ گفتگو میں ایرانی وزیرخارجہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ خطے میں کشیدگی روکنے کے لیے یورپ زیادہ فعال کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ یورپیوں کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کافی اختیارات نہیں ہیں ، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ ایسا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لبنانی فوج نے بیروت ایئرپورٹ کا کنٹرول سنبھال لیا

عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ بعض اسرائیلی ذرائع نے عندیہ دیا ہے کہ ایران پر حملے میں تیل اور بجلی کی تنصیبات کے علاوہ جوہری تنصیبات شامل ہو سکتی ہیں، اگرچہ واشنگٹن جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کا مخالف ہے۔

دوسری جانب تہران یکم اکتوبر کے حملے سے زیادہ بھرپور رد عمل کی دھمکی دے چکا ہے۔

واضح رہے کہ پاسداران انقلاب کی القدس فورس سے منسوب ایک چینل نے اتوار کے روز ان حساس اسرائیلی مقامات کا نقشہ نشر کیا تھا جن کو ایران کی جانب سے جوابی کارروائی میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں