پی ٹی آئی ریاست کے مفادات کی قیمت پراپنی سیاست چمکانا چاہتی ہے : حمزہ شہباز
لاہور : (دنیانیوز) سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ریاست کے مفادات کی قیمت پر اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہے۔
شنگھائی تعاون تنطیم سربراہی اجلاس کے موقع پر تحریک انصاف کے احتجاج کے اعلان پر سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کا بیان آگیا ۔
نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی فساد اور انتشار کی روش چھوڑنے پر تیار نہیں، ایس سی او سمٹ سے دنیا میں جو مقام ہم نے کھو دیا تھا اسے بحال کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ریاست کے مفادات کی قیمت پر اپنی سیاست چمکانا چاہتی ہے، مٹھی بھر بلوائیوں کو سڑک پر لا کر دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
رہنمامسلم لیگ ن کاکہنا تھا کہ معاشی ترقی ہو رہی ہو تو آئی ایم ایف کو خط لکھ دیتے ہیں اور ایس سی او سمٹ کے موقع پر احتجاج کی کال، پاکستان کی معاشی و خارجی کامیابیاں اس جماعت کی آنکھ میں کھٹک رہی ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا۔
گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کی تیاری کے سلسلے میں جڑواں شہروں میں سخت سکیورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا، راولپنڈی کے چار ہسپتالوں کے لیے ہائی الرٹ بھی جاری کردیا گیا تھا۔