خیبرپختونخوا میں عدالتوں کی سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں کی تفصیل سامنے آگئی
پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں جوڈیشل افسران اورعدالتوں کی سکیورٹی پرتعینات اہلکاروں کی تفصیل سامنے آگئی۔
خیبرپختونخوا میں جوڈیشل افسران اور عدالتوں کی سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کے حوالے سے دنیا نیوز کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ کے ججز کے ساتھ ایک ہزار 571 پولیس اہلکارتعینات ہیں۔
دستاویز کے مطابق ڈی آئی خان میں 258 پولیس اہلکار جوڈیشل افسران اور عدالتوں کو سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، ڈی آئی خان میں 143 اہلکار جوڈیشل کمپلیکس، 17 اہلکار رہائش گاہوں اور 98 بطور محافظ جوڈیشل افسران کیساتھ تعینات ہیں۔
اسی طرح ٹانک میں 22 پولیس اہلکار عدالتوں اور جوڈیشل افسران کی سکیورٹی پر مامور ہیں، ٹانک میں 9 پولیس اہلکار عدالتوں کی حدود میں جبکہ 5 جوڈیشل افسران کی رہائش گاہوں اور 8 جوڈیشل افسران کے ساتھ سکیورٹی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق جوڈیشل افسران کی نقل وحرکت کے دوران پولیس اور ایف سی اہلکارموجود ہوتےہیں ، جوڈیشل افسران کو ڈی پی او اور ڈسٹرکٹ ججز کی مشاورت سے سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔