عالمی بحری تنظیم سے ملکر میری ٹائم سیکٹرمیں بہتری لا رہے ہیں:قیصر شیخ

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ عالمی بحری تنظیم کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ سے اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے ملاقات کی، ملاقات میں انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے نمائندے گیئر ٹونسٹول بھی شامل تھے۔

ترجمان وزرات بحری امور نے بتایا کہ دوران ملاقات اپنی گفتگو میں وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی بحری تنظیم کے ساتھ مل کر میری ٹائم سیکٹر کی بہتری کیلئے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری ٹائم انڈسٹری کو ماحول دوست بنانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور آئی ایل او قوانین کے مطابق لیبر رائٹس کو تحفظ یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

قیصر احمد شیخ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں آئی ایل او کے ساتھ تعاون کررہی ہیں، یو این آرسی نے 2022 کے سیلاب میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا، حکومت اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں