مذاکرات ناکام : خیبرپختونخوا میں پرائمری سکول اساتذہ کا دھرنا جاری رکھنے کا اعلان

پشاور:(دنیا نیوز) پرائمری سکول اساتذہ کے سکولز بند کرکے دھرنے کے معاملہ پر مذاکرات کامیاب نہ ہونے کی صورت میں اساتذہ نے دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو 26 ہزار سکول بند ہونے سے فرق نہیں پڑتا، اگر حکومت چاہتی تو اپگریڈیشن کا نوٹیفکیشن جاری کر کے دھرنا ختم کر سکتی تھی۔

یاد رہے چند روز سے خیبرپختونخوا میں سرکاری پرائمری سکولوں کے اساتذہ نے اپگریڈیشن کے لیے صوبے بھر کے پرائمری سکولوں کو تالے لگا کے پشاور میں احتجاجی دھرنا دیا ہوا ہے۔

آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن خیبرپختونخوا نے اساتذہ کی اپگریڈیشن کے لیے بھرپور احتجاج اور دھرنے کا اعلان کیا تھا، آج صوبے بھر میں  ایک بار پھر اساتذہ نے پرائمری سکولوں کو تالے لگا دیے اور ریلی کی شکل میں خیبرپختونخوا ہاؤس کے قریب جناح پارک پہنچ کر دھرنا دیا۔

دوسری جانب مظاہرین نے بتایا کہ اپگریڈیشن کا دیرینہ مطالبہ ہے، پی ٹی آئی حکومت کے پچھلے دور میں ہی کابینہ نے اس کی منظوری دی تھی، جسے موجودہ حکومت نے فنڈز کی کمی کا بتا کر ختم کر دیا، یہ اساتذہ کے ساتھ زیادتی اور انصاف کے نام پر آنے والی حکومت کی جانب سے ناانصافی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں