شہباز شریف کی باکو میں وزیراعظم جمہوریہ چیک سے ملاقات، اقتصادی تعاون پر گفتگو

باکو: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم جمہوریہ چیک پیٹر فیالہ (Petr Fiala) سے ملاقات کی، ملاقات میں اقتصادی ترقی و تعاون بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران شہباز شریف نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا جو دوطرفہ اور کثیرالجہتی شعبوں پر محیط ہیں، دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع بالخصوص اقتصادی ترقی اور مشترکہ علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون پر گفتگو کی۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے سٹریٹجک محل وقوع اور وسطی ایشیا کے گیٹ وے کے طور پر استعداد پر بھی روشنی ڈالی، چیک کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی حالیہ دور کے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے جس کے لیے اجتماعی عالمی اقدامات کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف کی ڈنمارک کی وزیراعظم سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون بڑھانے پر زور

انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اثرات سے بچاؤ کے اقدامات کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مؤثر طریقے سے نمٹنے، گرین انرجی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے جمہوریہ چیک سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں