26 ویں آئینی ترمیم کیس: وفاقی و سندھ حکومت کو تحریری جواب جمع کروانے کا حکم

کراچی: (دنیا نیوز) 26 ویں آئینی ترمیم کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی و سندھ حکومت کو تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے 26 ویں آئینی ترمیم کیس میں حکم نامہ جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کی سماعت ملتوی کرنے کی زبانی استدعا مسترد کر دی۔

حکم نامے میں سندھ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ عدالت سمجھتی ہے کہ وفاقی حکومت کو درخواستوں پر تحریری جواب جمع کرانا چاہیے۔

عدالت کا حکم نامے میں کہنا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل (اے ڈی جی) نے مؤقف اپنایا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں ہے اس لیے سماعت نہ کی جائے۔

حکم نامے کے مطابق اے ڈی جی کے زبانی مؤقف پر کوئی رائے دیئے بغیر عدالت سمجھتی ہے تحریری جواب جمع کرانا چاہیے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر وفاق اور سندھ حکومت سے درخواستوں پر تحریری جواب جمع طلب کرتے ہوئے سماعت 3 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں