پاک آرمی کا دیوسائی سکردو میں ریسکیو آپریشن، 15 مسافروں کو بحفاظت نکال لیا

سکردو: (دنیا نیوز) پاکستان آرمی کا دیوسائی سکردو میں ریسکیو آپریشن مکمل، پاک آرمی کی زمینی ٹیم نے تمام 15 مسافروں کو ریسکیو کرلیا۔

14 نومبر کو 15 مسافر 2 گاڑیوں میں گلتری سے بذریعہ دیوسائی سکردو جارہے تھے، شدید برف باری کی وجہ سے مسافر دیوسائی میں پھنس گئے تھے، مسافروں سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا تھا، مسافروں کے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں نے پاک آرمی سے مدد کی اپیل کی تھی۔

پاک آرمی نے اپیل پر فوراً ہوائی اور زمینی ریسکیو آپریشن شروع کیا، پاک آرمی کے جوانوں پر مشتمل جوائنٹ ٹیم مسافروں کو ریسکیو کرنے کے لئے پیدل روانہ ہوئی، پاک آرمی کی زمینی ٹیم نے انتہائی سرد اور برف باری کے باوجود ریسکیو آپریشن جاری رکھا اور مسافروں کو کامیابی کے ساتھ ریسکیو کر لیا۔

پاک آرمی کی زمینی ٹیم انتہائی مشکلات کو پار کرتے ہوئے مسافروں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی، موسم کی خرابی اور شدید برف باری کے باعث ہوائی آپریشن میں مشکلات کا سامنا رہا، پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹرز نے بھی ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

اہل علاقہ اور پھنسے ہوئے مسافروں نے پاک آرمی کا بروقت ریسکیو آپریشن پر شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں