حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی: حافظ نعیم الرحمان
فیصل آباد:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومتی دعوؤں کے باوجود مہنگائی کم نہیں ہوئی۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال اگر 20 فیصد مہنگائی بڑھی تو اس سال اس ماہ میں 18 فیصد بڑھی ہے، فیصل آباد میں پچاس فیصد سے زائد ملیں بند ہوگئی ہیں، ملیں بند ہونے سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد، کراچی لاہور سب جگہ حالات ایک سے ہیں،بجلی کے نرخ اگر کم نہیں ہوتے تو حالات بہتر نہیں ہو سکتے، محسن نقوی سے ملاقات ہوئی تو انہوں نے آئی پی پی کے معاہدوں پر ثظر ثانی کے حوالے سے بتایا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت کم نہیں ہوتی تو آئی پی پیز سے معاہدے ختم ہونے کی باتوں پر گزارا نہیں ہوگا، ہمارے پاس بڑے احتجاج کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہتا، جس دن گیس کی قیمت میں اضافے ہوا اسی دن صوبائی اسمبلی ممبران کی تنخواہوں میں اضافہ کردیا گیا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومتی رویہ عوام دشمن رویہ ہے، ہم پلان کر رہے ہیں ایک دو ماہ کا وقت دیں گے ، فیصل آباد میں بھی ممبر سازی کر رہے ہیں اور محلے کی سطح پر کمیٹیاں بنائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کی بات آئی، پیپلز پارٹی نے بھی احتجاج کیا، زراعت بحران کا شکار ہے گنے کی قیمت بھی نہیں دی جا رہی ہے۔