مسیحی برادری قوم کیلئے فخر اور طاقت کا باعث ہے: آرمی چیف
راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسیحی برادری قوم کیلئے فخر اور طاقت کا باعث ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکت کی جہاں مسیحی برادری نے چرچ آمد پر ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملک بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارک باد دی اور مسیحی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملکی، ثقافتی، سماجی، اقتصادی، قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی شراکت کا اعتراف کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسیحی برادری قوم کے لیے فخر اور طاقت کا باعث ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو قائد کے تصور کردہ پرامن اور خوشحال ملک میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کریں، ان کے آزادی، مساوات، مذہبی رواداری کے نظریات چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قوم کی رہنمائی کرتے ہیں، تمام شہری اس کے لیے انتھک محنت کریں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ قائد اعظم کے نظریات علاقائی سالمیت کے تحفظ سے لے کر اندرونی استحکام کو فروغ دینے کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہیں، قائد کی دور اندیش قیادت اور غیر متزلزل عزم نے پاکستان کی تعمیر کی راہ ہموار کی۔