انسانی حقوق کو تعلیم، صحت اور انصاف تک حقیقی رسائی میں تبدیل کرنا ہو گا: بلاول بھٹو
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق جمہوریت کی روح ہیں اور انہیں عملی زندگی میں تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف تک حقیقی رسائی میں تبدیل کرنا ہوگا۔
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ انسانی حقوق ہر فرد کو کسی طاقت یا مراعات کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف انسان ہونے کے ناطے حاصل ہوتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام اداروں کو شہری آزادیوں کے محافظ بننا ہوگا اور معاشرے میں ہر طرح کے امتیاز کا مکمل خاتمہ کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ایک جامع معاشرتی و معاشی ماحول تشکیل دینے کی ضرورت ہے جہاں قانون کی حکمرانی مضبوط ہو، شہری آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی شخص پیچھے نہ رہ جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق پر مبنی اور انسان دوست پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، ایک ایسے معاشرے کے لیے جہاں خواتین، بچے، اقلیتیں، خصوصی افراد، مزدور اور تمام کمزور طبقات وقار، تحفظ اور برابری کے مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔