نامکمل اور غیر مصدقہ دستاویزات پر سفر کی اجازت نہیں: وزیر داخلہ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا، انہوں نے کاؤنٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات چیک کیں۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام سے سفری دستاویزات کی تصدیق کرائی، انہوں نے نامکمل دستاویزات کے حامل 3 مسافروں کو روکنے والے اے ایس آئی کی حوصلہ افزائی کی، وزیر داخلہ نے کہا کہ اے ایس آئی عامر لاشاری نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں، مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی، پاکستان کی عزت زیادہ عزیز ہے، کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ درست دستاویزات کے حامل کسی مسافر کو سفر سے روکا گیا نہ روکا جائے گا، اس موقع پر انہوں نے نے بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے امیگریشن پراسیس کے بارے میں بھی پوچھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں