جماعت اسلامی کے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے واقعے کا مقدمہ درج
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں سندھ اسمبلی کے باہر جماعت اسلامی کے احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق زخمی پولیس افسر راجہ مسعود کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ آرام باغ میں درج کر لیا گیا، مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں 30 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ متن میں لکھا گیا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے برنس روڈ پر احتجاج کیا جارہا تھا، اس دوران مظاہرین نعرے بازی کر رہے تھے جب پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے پولیس پر بھی حملہ کردیا۔
مزید لکھا گیا کہ مظاہرین کے پتھراؤ سے دو ایس ایچ او سمیت چار پولیس افسران اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ موقع سے گولیوں کے خول، پندرہ ڈنڈے ، پتھر اور 79 گیس شیل ملےہیں۔
مظاہرین کے حملے سے پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا، مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوئے تو پولیس اور جماعت اسلامی کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئی۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز جماعت اسلامی کے کارکنان اور پولیس آمنے سامنے آگئے تھے، جماعت اسلامی کے کارکنوں نے سندھ اسمبلی جانے کی کوشش کی تھی جس پر رینجرز اہلکاروں کو طلب کیا گیا تھا۔
پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے باعث ایک کارکن زخمی ہوگیا تھا۔