تمام ڈگری پروگرامز میں اے آئی مضمون متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا لازمی کورس شامل کریں۔

یہ فیصلہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی منظرنامے کے تناظر میں کیا گیا ہے جہاں اے آئی تعلیم، صحت، معیشت اور طرزِ حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

جامعات کے سربراہوں کو لکھے گئے خط میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ اے آئی کی تعلیم محض اضافی سہولت نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے، طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی، اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی، شفافیت اور سماجی اثرات جیسے پہلوؤں کی عملی سمجھ دینا ناگزیر ہے تاکہ وہ عالمی معیارات کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ جامعات یہ کورس بطور اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا پروگرام کے اندر معاون مضمون کے طور پر پیش کر سکتی ہیں، نصاب میں اے آئی کے بنیادی تصورات، مختلف شعبوں میں اطلاق، اخلاقی تقاضے، انصاف اور احتساب کو شامل کرنا لازم ہوگا جب کہ جامعات کو پروگرام کی نوعیت کے مطابق مواد میں تخصیص کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کورس تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں نافذ کیا جائے گا، اس اقدام کا مقصد پاکستانی طلبہ کو اے آئی سے ہم آہنگ دنیا میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا اور قومی معیشت کو عالمی سطح پر مسابقتی بنانا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں