برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کیلئے ای ویزا کی سہولت متعارف

اسلام آباد:(دنیا نیوز) برطانیہ جانے والے پاکستانی اب ای ویزا استعمال کر سکیں گے۔

برطانیہ سفر کرنے والے افراد، بشمول سیاح اب نئے ای ویزا سسٹم کا استعمال کرسکیں گے، اب پاسپورٹ پر ویزا سٹیکر لگانے کے بجائے ای میل کے ذریعے تصدیق فراہم کی جائے گی، درخواست گزار بدستور اپنی درخواست آن لائن جمع کروائیں گے۔

درخواست گزار بائیومیٹرک تصدیق کیلئے ویزا اپلیکیشن سینٹر جائیں گے، کامیاب درخواست گزاروں کو اپنے امیگریشن اسٹیٹس کا ڈیجیٹل ریکارڈ ای ویزا کی صورت میں دیا جائے گا، ریکارڈ آن لائن یو کے ویزا اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ کے ذریعے قابلِ رسائی ہوگا۔

اِسی طرح درخواست گزاروں کو پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ ویزا سینٹر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی، درخواست گزار میٹرک سیشن کے بعد پاسپورٹ اپنے پاس رکھ سکیں گے۔

 درخواست گزار اپنی ویزا حیثیت ثابت کرنے کے لیے بارڈر یا دیگر مقامات پر ایک شیئر کوڈ بھی تیار کر سکیں گے، ویزا پراسیسنگ کے اوقات، اہلیت کے معیار یا شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ یہ برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کے لیے ایک نہایت خوش آئند قدم ہے، اِس سے درخواست کے عمل کا ایک بڑا مرحلہ ختم ہو جاتا ہے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ویزا درخواست گزار ایجنٹس کے استعمال سے گریز کریں، موجودہ سٹیکر ویزے آج کی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں