شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج (بروز جمعرات) بمطابق 29 رمضان المبارک کو کوہسار بلاک وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں کمیٹی کے ارکان کے علاوہ محکمہ موسمیات کا نمائندہ بھی شریک ہوگا۔
زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ شہروں میں منعقد ہوں گے، مرکزی رویت ہلال کمیٹی چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی، سپارکو نے آج چاند نظر نہ آنے کی پیش گوئی کی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ ملک بھر میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا، اس اعلان کے بعد رمضان المبارک کے 30 دن مکمل کئے جائیں گے اور عید الفطر جمعہ کے روز منائی جائے گی۔
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور قطر نے بھی 20 مارچ (بروز جمعہ) عید الفطر کا اعلان کر دیا ہے۔
یو اے ای اور قطر میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس ہوئے تاہم چاند نظر نہ آنے کے بعد اعلان کیا گیا کہ 20 مارچ کو یکم شوال 1447 ہجری ہوگی۔
دوسری جانب گزشتہ رات افغانستان میں شوال کا چاند نظر آنے پر آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کی سپریم کورٹ نے اعلان کیا تھا کہ صوبہ فراہ، ہلمند اور غور میں متعدد افراد نے شوال کا چاند دیکھنے کی شہادت دی جسے باقاعدہ طور پر قابلِ اعتبار قرار دے دیا گیا ہے۔