ایم کیو ایم کی جانب سے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع، سفارتی کردار کو خراج تحسین

کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی طحہٰ احمد خان نے سندھ اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کرا دی، جس میں پاکستان کے مؤثر سفارتی کردار کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو ایک معتبر اور مؤثر عالمی ثالث کے طور پر تسلیم کیا گیا، اور دنیا کو ممکنہ علاقائی جنگ سے بچانے میں پاکستان نے اہم کردار ادا کیا۔

قرارداد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر ملکی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔

اس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا۔

طحہٰ احمد خان کا کہنا تھا کہ سول و عسکری قیادت کی مؤثر حکمت عملی کے باعث پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا اور فعال سفارتکاری نے ممکنہ بڑے تصادم کو ٹالنے میں مدد دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں پاکستان کا امن پسند اور ذمہ دارانہ کردار مزید واضح ہوا ہے، جبکہ دفاعی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت نے عالمی امن میں اہم کردار ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں