کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پرعظیم الشان معرکہ حق ریلی کا انعقاد
مظفرآباد: (دنیا نیوز) کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پرعظیم الشان معرکہ حق ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔
دارالحکومت مظفرآباد کا برہان وانی چوک جیوے جیوے پاکستان کے نعروں کی گونج اٹھا۔
ریلی میں صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر ، کنوینئر حریت کانفرنس غلام محمد صفی سمیت مہاجرین و انصار کی غیر معمولی تعداد شریک ہوئی علاوہ ازیں ریلی میں مسلح افواج پاکستان کی جرات و بہادری پر سلام عقیدت پیش کیا گیا جبکہ ریلی میں ہر طرف سبز ہلالی پرچموں کی بہار تھی، پاک فوج زندہ باد سے فضا گونج اٹھی۔
برہان وانی چوک سے ہزاروں کی تعداد میں مرد و خواتین نے معرکہ حق ریلی میں شرکت کی، شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ شرکاء نے فلیڈ مارشل جنرل عاصم منیر اور وزیراعظم پاکستان کو سلام پیش کیا۔
ریلیمیں شریک مقررین نے کہا بھارت کا غرور خاک میں ملانے پر پوری کشمیری قوم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ پاکستان کی خوشیوں میں شریک ہیں، ایک مضبوط و مستحکم پاکستان کشمیریوں کی آزادی کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان کے مثبت چہرے سے واقف ہے، بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری و ساری رکھے گا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر جلد آزاد ہوگا اور پاکستان کا حصہ بنے گا۔