کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک
کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہوگیا۔
کیمبرج کے تحت اے ایس لیول کا یہ دوسرا پرچہ ہے جو لیک ہوا ہے، آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرغلام علی ملاح نے پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کر دی۔
غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ کیمبرج کے امتحانی پرچے بار بار لیک ہو رہے ہیں جبکہ ادارہ اب تک اس مسئلے پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتا ہے۔
واضح رہے کہ کیمبرج نے اپنے ابتدائی بیان میں تصدیق کی تھی کہ اے ایس لیول ریاضی کے پرچے 9709/12 کا مواد امتحان سے قبل لیک ہوگیا تھا، یہ امتحان 29 اپریل 2026 کو ایڈمنسٹریٹو زونز 3 اور 4 میں منعقد کیا گیا تھا اور پرچہ غیر مجاز طور پر امتحان سے پہلے تقسیم کیا گیا۔
کیمبرج کے مطابق تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پرچے کے افشا کی نوعیت ایسی تھی کہ اسے حتمی نتائج کے لیے قابلِ اعتماد نہیں سمجھا جاسکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس پرچے کو اب طلبہ کے گریڈز کے تعین کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا، بلکہ متاثرہ امیدواروں سے دوبارہ امتحان لیا جائے گا۔
کیمبرج نے اعلان کیا تھا کہ ریاضی 9709/12 کا متبادل امتحان 9 جون 2026 کو جون سیریز کے شیڈول کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔