قومی اسمبلی: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025ء منظور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ری آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025ء منظور کر لیا۔
وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے بل ایوان میں پیش کیا، حکومتی رکن ہما اختر چغتائی کی جانب سے پیش کردہ ترمیم بھی کثرتِ رائے سے منظور کر لی گئی، تاہم حکومتی رکن اپنی پیش کردہ ترمیم کی وضاحت نہ کر سکیں۔
بعد ازاں وفاقی وزیرِ آئی ٹی نے ہما اختر چغتائی کی جانب سے پیش کردہ ترمیم کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اپیلیٹ ٹربیونل کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے سید نوید قمر کی جانب سے پیش کردہ ترامیم بھی منظور کر لی گئیں، سید نوید قمر نے پی ٹی آئی ری آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025ء میں 3 ترامیم پیش کیں۔
سید نوید قمر نے کہا کہ فائیو جی فائبر کیبل بچھانے کے لیے رائٹ آف وے سے متعلق تنازعات سامنے آئیں گے، اس لیے ان تنازعات کے حل کے اختیارات صوبائی اور متعلقہ حکومتوں کو دیے جائیں۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق تنازعات کے حل کے لیے عائد جرمانوں کی حد بھی مقرر کی جا رہی ہے۔