محرم الحرام کے دوران پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق یکم سے 10 محرم الحرام تک مختلف پابندیوں کا اطلاق ہوگا، محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کسی قسم کی نئی اختراع کی اجازت نہیں ہوگی۔

دفعہ 144 کے تحت مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، اسی طرح عوامی جذبات، مذہبی عقائد اور فرقوں کو مجروح کرنے والے اشتعال انگیز نعروں، اشاروں اور حرکات پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

حکومت پنجاب نے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات، تبصروں اور مواد کے خلاف بھی سخت اقدامات کا اعلان کیا ہے، سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع کے ذریعے نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ داخلہ کے مطابق جلوسوں کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیاء جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، جلوسوں کے دوران راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں یا دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

احکامات کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، تاہم بزرگ شہریوں، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، دیگر تمام پابندیاں یکم سے 10 محرم الحرام تک مؤثر رہیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں