کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کی سرحدی علاقے میں بڑی کارروائی، متعدد افراد گرفتار
لاہور: (دنیا نیوز) کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) نے خفیہ اطلاع پر لاہور کے سرحدی علاقے کے گاؤں پسین میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور کئی افراد کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کے ماموں کے گھر پر بھی کی گئی، جہاں چھاپے کے دوران صوبائی وزیر اور کاؤنٹر نارکوٹکس فورس اہلکاروں کے درمیان تلخ کلامی اور مزاحمت کی اطلاعات سامنے آئیں۔
کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں منشیات کا بڑا کاروبار جاری ہے، جس پر بھاری نفری نے علاقے کا گھیراؤ کرکے سرچ آپریشن کیا، کارروائی کے دوران صوبائی وزیر کے ماموں زاد بھائیوں سمیت 3 سے 4 افراد کو حراست میں لیا گیا، جبکہ حساس مقامات کی بھی تلاشی لی گئی۔
حکام کے مطابق زیرِ حراست افراد سے تفتیش جاری ہے اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے چھاپے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائی قانون کے مطابق کی گئی، کتنے افراد کو باضابطہ طور پر گرفتار کیا گیا اور آیا کوئی منشیات برآمد ہوئی یا نہیں، اس حوالے سے تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ یا ان کے ترجمان کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کارروائیاں جاری رہیں گی۔