وزیراعلیٰ سندھ کا بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، نکاسی آب کے اقدامات تیز کرنے کا حکم
کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں بارشوں اور ہنگامی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بارش سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور نکاسی آب کے اقدامات تیز کرنے کا حکم دے دیا، ڈپٹی کمشنرز، پی ڈی ایم اے، محکمہ بلدیات اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، تمام افسران اپنے اضلاع میں موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے غیر حاضر ٹاؤن آفیسر عمر کوٹ کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا، پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں سے 8 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔
مراد علی شاہ نے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا، متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
میئر کراچی نے کہا کہ کراچی میں 10 ہیوی ڈیوٹی ڈی واٹرنگ پمپس مختلف مقامات پر تعینات ہیں، مراد علی شاہ کی کراچی میں نکاسی آب کے تمام انتظامات مکمل طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کر دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں کے دوران عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا، تمام ادارے مکمل طور پر متحرک رہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments