آزاد جموں و کشمیر قانون اسمبلی کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ کل ہوگا
مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون اسمبلی کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ کل (10 اگست) کو ہوگا۔
پونچھ ڈویژن کے 2 اضلاع کے 4 انتخابی حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع حویلی میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محسن عزیز کے درمیان کاٹنے کامقابلہ متوقع ہے۔
انتخابی اور سکیورٹی عملہ سمیت پولنگ میٹریل آج شام تک پولنگ سٹیشنز منتقل کر دیئے جائیں گے، ضلع باغ کے تین اور حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں کل پولنگ ہوگی۔
یاد رہے کہ ترجمان الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کے مطابق ضلع باغ اور حویلی میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوچکی ہے، انتخابی مہم کے مقررہ وقت کے اختتام کے بعد ہر قسم کی انتخابی سرگرمی پر پابندی ہے۔
آزاد جموں وکشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے کہا ہے کہ سکیورٹی وجوہات کے باعث باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر پہلے انتخابی عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اگلے سات روز میں راولاکوٹ اور سدھنوتی کے لئے انتخابی تاریخ کا اعلان کیا جا سکتا ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم کیلئے مناسب وقت دینا ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments