شادی کا جھانسہ دیکر بنکاک سے آئی خاتون سےمبینہ زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
راولپنڈی:(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر راولپنڈی میں شادی کا جھانسہ دے کر بنکاک سے پاکستان آئی خاتون سے مبینہ زیادتی اور تشدد کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
واقعہ روات تھانے کی حدود میں پیش آیا، پولیس نے ملزم عامر سہیل کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا جب کہ واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور متاثرہ خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں متاثرہ غیر ملکی خاتون نے مؤقف اپنایا کہ دو سال قبل بنکاک میں عامر سہیل سے ملاقات اور دوستی ہوئی تھی جس نے پاکستان آکر شادی کرنے کا جھانسہ دیا، جس پر خاتون تقریباً چار ماہ قبل پاکستان آئی، ملزم نے بحریہ ٹاؤن میں کرائے پر فلیٹ لے کر رہائش اختیار کی۔
مقدمے کے متن میں خاتون نے الزام عائد کیا کہ اس دوران ملزم نے متعدد بار مبینہ طور پر زبردستی زیادتی کی جب کہ شادی کے مطالبے پر ٹال مٹول سے کام لیتا رہا اور اسے فلیٹ سے باہر بھی نہیں جانے دیتا تھا۔
متاثرہ خاتون کا اپنے متن میں یہ بھی کہنا تھا کہ آج ملزم نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے بعد وہ مشکل سے وہاں سے فرار ہوکر ڈاکٹر کے پاس پہنچی، اُس نے الزام عائد کیا کہ ملزم جاتے ہوئے اس کے پیسے بھی ساتھ لے گیا۔
دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد کیس کی تفتیش ایس ایس آئی او یونٹ کے سپرد کردی گئی ہے جب کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments