12 ربیع الاول: سندھ حکومت کا فول پروف سکیورٹی پلان بنانے کا فیصلہ

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت 12 ربیع الاول کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف مکاتب فکر کے علما اور اعلیٰ حکام کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں سکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور شہری سہولیات کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 12 ربیع الاول کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے اور میلاد جلوسوں و مذہبی اجتماعات کے پُرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات مقررہ وقت سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ شرکا کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ مربوط سکیورٹی پلان پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں، جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کی سکیورٹی کی مسلسل نگرانی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مؤثر تعیناتی بھی یقینی بنائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 12 ربیع الاول کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، جلوسوں کے راستوں اور میلاد اجتماعات کے مقامات پر بجلی، گیس اور پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے، ضروری شہری سہولیات میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کے الیکٹرک، سوئی سدرن گیس کمپنی، واٹر کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مکمل طور پر چوکس رہنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے 12 ربیع الاول سے قبل اور دوران صوبے بھر میں خصوصی صفائی مہم چلانے، جلوسوں کے راستوں، اطراف کے علاقوں اور عوامی مقامات کو صاف رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ تقریبات سے قبل نکاسی آب اور سیوریج کے مسائل حل کیے جائیں، ٹوٹی سڑکوں اور بند نالوں کی فوری مرمت کی جائے جبکہ اوور فلو سیوریج لائنوں سمیت دیگر شہری مسائل بھی 12 ربیع الاول سے پہلے حل کیے جائیں۔

اجلاس میں آئی جی سندھ نے 12 ربیع الاول کے سیکیورٹی پلان اور ٹریفک انتظامات پر بریفنگ دی، وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران اور بلدیاتی اداروں کو باہمی رابطہ مؤثر بنانے اور انتظامات کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی۔

مختلف مکاتب فکر، جن میں دیوبندی، اہل حدیث اور اہل سنت والجماعت سمیت دیگر علما شامل تھے، نے سکیورٹی، صفائی، ٹریفک اور شہری سہولیات سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے علما کی تجاویز سنیں اور متعلقہ اداروں کو تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔

مراد علی شاہ نے بین المسالک ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ میں علما کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے علما کا امن، اتحاد اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں کردار قابلِ تحسین ہے، ہماری طاقت اتحاد میں ہے، پیغامِ رسول اکرم ﷺ امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ 12 ربیع الاول کا مقدس موقع عقیدت، احترام اور مذہبی ہم آہنگی کے ساتھ منایا جائے اور منتظمین و شہریوں کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔

اجلاس میں سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر محنت سعید غنی، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، وزیر مذہبی امور ریاض حسین شاہ شیرازی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ شریک ہوئے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام اور مختلف مکاتب فکر کے علما نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...