پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا آج سے غیرمعینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے آج بروز 8 اگست سے غیر معینہ مدت تک کے لیے ہڑتال کا اعلان کردیا۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے پیر کو ٹرانسپورٹ اتحاد کو اجلاس کے لیے طلب کیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت سے ملاقات کے لیے ٹرانسپورٹ اتحاد کی کمیٹی بنادی ہے، اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کے اعلان تک ہڑتال جاری رہے گی۔
انہوں نے بتایا کہ گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے کمشنرآفس میں مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ بنیادوں پر تعین اور ٹڑانسپورٹ سیکٹر پر 7 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔
ادھر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹر اونرز ایسوسی ایشن کے صدر اویس چوہدری کے مطابق 10 ویلر گاڑیوں کو 35 ٹن وزن کی اجازت دی جائے، ڈیزل کی قیمتوں اور ٹول ٹیکس میں فوری ریلیف دیا جائے، ناجائز چالان، بھاری جرمانوں اور گاڑیاں ضبط کرنے والے قوانین میں تبدیلی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وِد ہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی جائے اور ڈرائیورز کو ہیوی لائسنس جاری کیے جائیں۔
دوسری طرف لاہور میں گڈز ٹرانسپورٹ اور منی مزدا ٹرانسپورٹ کی سروسز بند ہو گئی ہیں، گڈز ٹرانسپورٹ اڈوں تک محدود ہو گئی، گاڑیوں کی روانگی روک دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments