بلوچستان میں معاشی بحالی کے لیے سٹریٹجک منصوبوں کا آغاز

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں معاشی بحالی کے لیے سٹریٹجک منصوبوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سٹریٹجک پروجیکٹس کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں معاشی بحالی، روزگار، تعلیم، صحت اور ڈیجیٹل معیشت کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں معاشی بحالی کے لیے مختلف سٹریٹجک منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے بتایا کہ مختلف اضلاع کے 57 ہزار افراد کو گرانٹس فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ کے ذریعے اب تک 2,500 افراد کو گرانٹس فراہم کی جا چکی ہیں، مختلف اداروں کے تعاون سے 370 طلبہ کو ڈیجیٹل اسکلز اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے کورسز کرائے جائیں گے، جبکہ سکولوں، کالجز اور دفاتر میں فائبر کنیکٹیویٹی بھی فراہم کی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں کمانڈ ایریا ڈیویلپمنٹ کے ساتھ نئی فروٹ اور ویجیٹیبل مارکیٹس بھی جلد قائم کی جائیں گی، جس سے زرعی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

چیف سیکرٹری نے بتایا کہ 600 بنیادی مراکز صحت میں ٹیلی میڈیسن کی سہولت یقینی بنائی گئی ہے، جبکہ رواں سال 1,100 کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے تاکہ تعلیمی سہولتوں میں اضافہ ہو سکے۔

شکیل قادر خان نے کہا کہ بلوچستان میں ڈیجیٹل اکانومی کو فروغ دے کر مقامی صنعتوں کو مضبوط بنایا جائے گا اور نوجوانوں کو جدید ہنر فراہم کرکے معاشی سرگرمیوں میں ان کا کردار بڑھایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...