این پی سی سی اجلاس:غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف تکنیکی کمیٹی قائم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی اجلاس میں غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف تکنیکی کمیٹی قائم کردی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک میں مہنگائی کی صورتحال، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور غذائی اشیاء کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ جولائی کے دوران مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد سے کم ہو کر 9.2 فیصد پر آ گئی، یعنی مجموعی طور پر 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی بڑھانے کا سب سے بڑا سبب رہا جب کہ گندم، آٹا، تازہ دودھ اور پیٹرول کی قیمتوں نے بھی مہنگائی پر اثر ڈالا، دوسری جانب چینی، آلو اور مرغی کی قیمتوں میں کمی کے باعث مجموعی مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آئی۔
اجلاس میں پیک شدہ اشیائے خورونوش کے معیار سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کے مطابق خوردنی تیل، گھی اور دودھ کے 491 نمونوں کی لیبارٹری جانچ میں 176 نمونے قومی معیار پر پورے نہ اتر سکے، یعنی 36 فیصد نمونے غیر معیاری قرار پائے۔
رپورٹ میں لکھا گیا کہ 204 بناسپتی گھی کے نمونوں میں سے 98، بلینڈڈ کوکنگ آئل کے 146 میں سے 40، پیک شدہ دودھ کے 104 میں سے 26، دودھ پاؤڈر کے 18 میں سے 8، ریفائنڈ پام آئل کے 4 میں سے 3 جبکہ ریفائنڈ کینولا آئل کے 13 میں سے ایک نمونہ غیر معیاری نکلا۔
احسن اقبال نے کھلے گھی، خوردنی تیل اور دودھ کا ملک گیر سروے کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غیر معیاری اشیائے خورونوش عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہیں۔
اجلاس میں پیک شدہ اشیائے خورونوش کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ماہرین پر مشتمل تکنیکی کمیٹی بھی قائم کر دی گئی، جو لیبارٹری رپورٹ کی بنیاد پر شواہد پر مبنی سفارشات پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر نے مختلف شہروں میں تھوک اور پرچون قیمتوں کے درمیان نمایاں فرق پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کا حکم دیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مارکیٹ میں قیمتوں کے بگاڑ کی وجوہات کا جائزہ لے کر صارفین کو اشیائے ضروریہ مناسب اور منصفانہ قیمتوں پر فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں ایل پی جی، اشیائے ضروریہ، عالمی منڈی میں خام تیل، سویا بین آئل، چاول، گندم، چینی اور کھاد و یوریا کی قیمتوں کے ملکی مارکیٹ پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments