آئی ورک فار سندھ: نوجوانوں کی لائیو کیریئر کونسلنگ کا فیصلہ
کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی لائیو کیریئر کونسلنگ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ رواں ماہ سے مختلف صنعتوں کے ماہرین نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ کا آغاز کریں گے۔
شرجیل انعام میمن کے مطابق آئی ورک فار سندھ کے لرن اینڈ ارن پلیٹ فارم سے اب تک 4 ہزار 935 افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 ہزار 735 افراد مختلف کورسز مکمل کر چکے ہیں جبکہ 2 ہزار افراد اب بھی کورسز کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لرن اینڈ ارن پروگرام کے تحت 1200 سے زائد بین الاقوامی معیار کے مختصر کورسز سکھائے جائیں گے، آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ جدید مہارتوں سے بھی جوڑ رہا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کا پائلٹ پروجیکٹ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کا جامع نظام بن چکا ہے، بدلتے ہوئے عالمی روزگار کے منظرنامے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ پلیٹ فارم پر 51 لاکھ سے زائد وزٹس ہو چکے ہیں، ایک لاکھ 19 ہزار امیدوار رجسٹرڈ ہیں جبکہ 695 کمپنیاں پلیٹ فارم کا حصہ بن چکی ہیں۔
ان کے مطابق آئی ورک فار سندھ پر 16 ہزار 200 سے زائد فعال روزگار کے مواقع موجود ہیں جبکہ مجموعی طور پر 23 ہزار 400 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پوسٹ کیے جا چکے ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پلیٹ فارم پر مسلسل بڑھتی ہوئی عوامی شمولیت سندھ کے نوجوانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی کا ثبوت ہے۔
سندھ حکومت کا مقصد روزگار کے مواقع کو ڈیجیٹل طریقوں سے نوجوانوں تک پہنچانا اور انہیں جدید معیشت کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ روزگار، مہارتوں اور مواقع کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی جانب سندھ حکومت کا اہم اقدام ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments