امریکی ٹیکنالوجیز پاکستان کے زرعی شعبے میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں، نیٹلی اے بیکر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے خوشحالی کے فروغ کے مقصد کے تحت ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی کاروباری اداروں، سرمایہ کاروں، پاکستانی سرکاری حکام اور زرعی شعبے سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔
ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی ناظم الاُمور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان کے زرعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور تعاون کے بڑھتے ہوئے مواقع پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، جبکہ امریکی ٹیکنالوجی اور مہارت کے لیے بڑھتے ہوئے مواقع نہ صرف امریکی کمپنیوں کے لیے سودمند ثابت ہوں گے بلکہ پاکستان کے لیے بھی نئی منڈیوں کے دروازے کھولیں گے۔
نیٹلی اے بیکر کا کہنا تھا کہ امریکی کمپنیاں زرعی شعبے میں مؤثر کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستان میں امریکی مشن دوطرفہ تجارت کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ویبینار میں شریک پاکستانی نمائندوں نے زرعی شعبے سے متعلق ریگولیٹری اور پالیسی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی، جبکہ شرکاء نے پاکستان کے لیے امریکی محکمہ تجارت کے سرٹیفائیڈ ایگریکلچرل ٹیکنالوجیز ٹریڈ مشن کے آئندہ دورے کا پیشگی جائزہ بھی لیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments