پنجاب کے دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے منصوبے کی ہدایت
لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ساڑھے تین ہزار سے زائد دیہات میں سیوریج، ڈرینج اور پکی گلیوں کے پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
مثالی گاؤں کے قیام کے لیے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشن متعارف کرانے کی منظوری دی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر، کمیونٹی ہیلتھ موبلائزر، سیکرٹری یونین کونسل، ہیڈ ماسٹر اور دیگر متعلقین کو دیہی پراجیکٹ میں شامل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ارکان اسمبلی کو بھی رورل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے دیہات میں ڈرینج اور سیوریج کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور گاؤں کی گلیاں پکی اور خوبصورت بنانے کی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو ٹوٹی پھوٹی گلیوں اور گندے پانی کی مشکلات سے دوچار نہیں دیکھ سکتی۔ ہر گاؤں اور دیہات میں ڈرینج، سیوریج اور پکی گلیوں کی سہولت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ دیہات کے لوگوں کا بھی وسائل پر پورا حق ہے۔ مثالی گاؤں پراجیکٹ ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ ہر گاؤں کی حالت بدلنا چاہتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments